راولپنڈی: بلوچستان کے ضلع بارکھان میں سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے "فتنہ الہندوستان” کے 7 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا، تاہم شدید فائرنگ کے تبادلے میں ایک میجر سمیت پاک فوج کے 5 جوانوں نے جامِ شہادت نوش کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، پاک فوج اور فرنٹیئر کور (ایف سی) بلوچستان کے دستوں نے ضلع بارکھان کے علاقے نوشم میں خفیہ اطلاع پر کلیئرنس آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے بھارتی سرپرستی یافتہ دہشت گردوں کے گروہ کا سراغ لگا کر انتہائی مؤثر کارروائی کی، جس کے نتیجے میں 7 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دہشت گردوں کے ساتھ ہونے والی اس شدید جھڑپ میں وطن کے 5 بہادر سپوتوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ شہداء میں پاک فوج کے فیلڈ آفیسر میجر توصیف احمد بھٹی بھی شامل ہیں۔ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد ہوا ہے۔
اعلامیے کے مطابق، یہ آپریشن بھارتی سرپرستی یافتہ دہشت گرد نیٹ ورک کے خاتمے کے لیے کیا گیا تھا۔ آئی ایس پی آر نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک سکیورٹی فورسز کی بھرپور کارروائیاں جاری رہیں گی اور دشمن کے ناپاک عزائم کو ہر قیمت پر خاک میں ملا دیا جائے گا۔

