راولپنڈی: پاکستان نے اپنی دفاعی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بناتے ہوئے مقامی سطح پر تیار کردہ ’فتح-4‘ گراؤنڈ لانچڈ کروز میزائل کا کامیاب تربیتی تجربہ کر لیا۔ پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق میزائل جدید ایویانکس، نیویگیشنل معاون نظام اور جدید دفاعی ٹیکنالوجی سے لیس ہے، جو اسے عالمی معیار کے جدید دفاعی نظاموں میں نمایاں مقام دیتا ہے۔
آئی ایس پی آر کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ’فتح-4‘ طویل فاصلے تک انتہائی درستگی کے ساتھ اہداف کو نشانہ بنانے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔ تربیتی تجربے کا مقصد فوجی دستوں کی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لینا، جنگی استعداد میں اضافہ کرنا اور میزائل کے مختلف تکنیکی ذیلی نظاموں کی کارکردگی کو جانچنا تھا۔
اس اہم دفاعی تجربے کا مشاہدہ آرمی راکٹ فورس کمانڈ کے سینئر افسران، سائنسدانوں اور انجینئرز نے کیا۔ دفاعی ماہرین کے مطابق ’فتح‘ سیریز کے میزائل پاکستان کی مقامی دفاعی صنعت میں خود انحصاری کی جانب اہم پیش رفت ثابت ہو رہے ہیں اور جدید دفاعی ٹیکنالوجی میں ملک کی صلاحیتوں کو مزید مستحکم کر رہے ہیں۔
کامیاب تجربے پر صدرِ مملکت، وزیراعظم شہباز شریف، چیف آف آرمی اسٹاف، چیف آف ڈیفنس فورسز سمیت پاک فضائیہ اور پاک بحریہ کے سربراہان نے متعلقہ ٹیم کو مبارکباد پیش کی۔ اعلیٰ عسکری و حکومتی قیادت نے ’فتح-4‘ پروگرام سے وابستہ ماہرین کی فنی مہارت، انتھک محنت اور عزم کو سراہتے ہوئے اسے ملکی دفاع کے لیے اہم سنگِ میل قرار دیا۔